صنعتی اداروں کیلئے ہنرمندافرادی قوت بنیادی کرداراداکرتی ہے: عرفان قیصرشیخ

صنعتی اداروں کیلئے ہنرمندافرادی قوت بنیادی کرداراداکرتی ہے: عرفان قیصرشیخ

لاہور( پ ر):چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ صنعت و حرفت کو چلانے اور آگے بڑھانے میں ہنر مند افرادی قوت بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ نجی شعبے میں کام کرنے والے صنعتکار ، تاجر اور خدمات مہیا کرنے والے ادارے ملکی اقتصادی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھے ہیں۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) قابل بھروسہ ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیوٹاسیکرٹریٹ میں صنعت و حرفت میں کام کرنے والی ایسوسی ایشنوں بشمول نیٹ سول، پریگمیا، فرایا، ایل سی سی آئی، ٹینریز ایسوسی ایشن، پاپام، لیدر اینڈ کرافٹ اور دیگر شعبوں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسرجواد احمد قریشی اور ٹیوٹا کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا ٹیوٹانجی شعبے کے اشتراک کے ذریعے انڈسٹری کو درکار قابل بھروسہ ہنر مند افرادی قوست مہیا کرنے کیلئے پنجاب بھر میں پھیلے ہوئے اپنے 370اداروں کی تشکیل نو کا پروگرام بنا رہی ہے تاکہ صنعت کو ہنر مند افراد کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹیوٹا نے متعلقہ سیکٹر کی نمائندہ تنظیموں اور ایسوسی ایشنوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے تاکہ صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے اجلاس کی غرض و غائیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیوٹا کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نئے پروگراموں کو متعارف کرانے اور ان کا نصاب مرتب کرنے کیلئے نجی شعبے کی رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ ٹیوٹا کے اداروں سے ہنر مندی سیکھ کر فارغ التحصیل نوجوانوں کو جب زندگی میں پیشہ ورانہ کام کرنے کا موقع ملے تو وہ اداروں کی ضروریات اور توقعات کے مطابق بہتر نتائج پیدا کر سکیں۔

مزید : کامرس