حکومتی اصلاحات سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آئی، ایشیائی ترقیاتی بنک
اسلام آباد(آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کہا ہے کہ مالی سال2013-14 کے دوران حکومتی اصلاحات کے باعث معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔اے ڈی بی کی جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 4.1فیصد جبکہ مالی سال 2012-13کے دوران جی ڈی پی کی شرح 3.7فیصد رہی تھی، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صنعتی شعبہ کو بجلی کی رسد میں اضافے کے باعث پیداوار میں تیزی ریکارڈ کی گئی، جس سے جی ڈی پی میں بہتری آئی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے 2ارب ڈالر کے یورو بونڈ کے اجراء اور ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں ، جس سے روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ، مالی سال 2014۔15ء کے دوران معاشی شرح نمو میں 4.2فیصد تک اضافہ کے امکانات روشن ہیں تاہم توانائی کی فراہمی میں اضافے کے لئے مزید اصلاحات کی ضرورت ہے۔اے ڈی بی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2013۔14ء کے دوران مالیاتی خسارے کو جی ڈی پی کے 4.9فیصد تک کم کیا گیا، افراط زر کی شرح انتہائی ترقیاتی بینک کی پیشگوئی کے مقابلے میں کم رہی ہے تاہم مہنگائی بڑھنے سے صارفین کے لئے افراط زر کی شرح میں تیزی بھی ریکارڈ کی گئی۔