سول ڈیفنس کے زیر اہتمام فائر اینڈ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار

سول ڈیفنس کے زیر اہتمام فائر اینڈ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار


لاہور(کامرس رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کے محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام الحمراء ہال میں فائر اینڈ سیفٹی کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیاسیمینار کا مقصد لوگوں میں آگ اور اُس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے حوالے سے شرکاء میں آگاہی دی گئی۔ سیمینار میں فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ سنٹر اسلام آباد سے میڈم سعدیہ، چیف وارڈن لاہور کرنل (ر) مبشر، ڈی او (سی) صاحبزادی وسیمہ عمر، ڈی او(سول ڈیفنس)قاری عالم شیر اور حسن زاہد نے شرکت کی جبکہ مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں شرکاء نے سیمینار میں شرکت کی۔سیمینار میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلندو بالا عمارتوں، فیکٹریوں، پٹرول پمپوں، ہوٹلوں، شادی ہالوں اور دیگر مقامات پر فائر سیفٹی کے حوالے سے آلات نصب کیے جائیں تاکہ آگ لگنے کے ناگہانی واقعہ پر فوری طور پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ لاہور فائر سیفٹی انتظامات کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کروا رہی ہے اور تقریباً 2ہزار عمارتوں کے مالکا ن کو فائر سیفٹی کے انتظامات کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ سیمینار میں شرکاء میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور فائر سیفٹی کے آلات پر مبنی ایک سٹال بھی لگایا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1