حضرت خواجہ پیر سیّد فیض محمد شاہ قندھاری ؒ کا عرس مبارک آج ہو گا

حضرت خواجہ پیر سیّد فیض محمد شاہ قندھاری ؒ کا عرس مبارک آج ہو گا

لاہور (پ ر)قیوم زماں حضرت خواجہ پیر سیّد فیض محمد شاہ قندھاری المعروف پیر قندھاری ؒ کا 54واں سالانہ عرس مبارک آج (جمعة المبارک) رات کو ہو گا۔ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں حتیٰ کہ بیرون ملک سے بھی زائرین چک نمبر 411گ ب، فیض آباد شریف تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد پہنچ گئے۔ عرس مبارک کی روحانی، وجدانی ا ور ایقانی تقریب فجر کی نماز کے بعد ہی شروع ہو جائے گی،قرآن خوانی اور سہرا کی مبارک تقریب شیڈول ہے۔ مرکزی محفل پاک بعد نماز عشاءشروع ہو گی جس میں نامور قراءحضرات اور ثناءخوانان مصطفیﷺ کے علاوہ علمائے کرام و مشائخ عظام شرکت کریں گے۔

پاکستان و برطانیہ کے محبوب خطیب حضرت سیّد عرفان شاہ مشہدی جلالی کی آمد خصوصی ہو گی جبکہ مرکزی خطاب امیر فدایان ختم نبوت شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی کا ہو گا۔

شعلہ بیان مقرر حضرت علامہ محمد شاہد چشتی کے علاوہ سابق وزیر مذہبی امور جموں اینڈ کشمیر صاحبزادہ حامد رضا بھی اپنے فکر انگیز بیان کے ساتھ رونق دوبالا کریں گے۔

علمائے کرام اپنے موضوعات کے علاوہ صاحب عرس مبارک حضرت پیر سیّد فیض محمد شاہ قندھاری المعروف پیر قندھاریؒ کے احوال مبارک پر خصوصی روشنی ڈالیں گے۔ قیوم زماں حضرت پیر قندھاری ؒ نے اپنی زندگی میں اہل خانہ سمیت مریدین ، متوسلین و معتقدین کے لیے طریقت و روحانیت کے جو زریں اقوال و احوال بتائے ، ان کا ذکرخصوصی طور پر کیا جائے گا۔ آستانہ عالیہ فیضیہ قندھاریہ چک نمبر 411گ ب فیض آباد شریف، تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد کے سجادگان حضرت سیّد پرویز شاہ قندھاری، حضرت سیّد عبدالواحد شاہ قندھاری،حضرت پیر سیّد عبدالوحید شاہ قندھاری اور حضرت پیر سیّد رضا حسین شاہ قندھاری روحانی فیوض و برکات سے زائرین کی خالی جھولیاں بھریں گے۔ صاحبزادہ والا شان حضرت پیر سیّد پرویز شاہ قندھاری، سابق ایس ایس پی (پنجاب پولیس)نے کہا کہ اس پُرکیف مذہبی تقریب سعید کے لیے سیکورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4