باغبانپورہ ؛ایک روز قبل اغوا ہونیوالا بچہ پر اسرار طور پر مل گیا

باغبانپورہ ؛ایک روز قبل اغوا ہونیوالا بچہ پر اسرار طور پر مل گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(بلال چودھری) باغبانپور ہ سرکل کی دوڑیں لگ گئیں،ایک روز قبل غائب ہونے والا بچہ پرُ اسرار طور پر مل گیا ، علاقہ میں بچوں کے اغوا اور بداخلاقی کے بعد تشدد کر کے قتل کئے جانے کی وارداتوں میں اضافہ کی وجہ سے والدین عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ تھانہ سے چند قدم کے فاصلے پر واقع 243ڈی بلاک انگوری باغ سکیم نمبر 1کے سعودیہ پلٹ مجید کا 4سالہ بیٹا عبداللہ 15اکتوبر کی صبح گھر سے کھیلنے کے لیے نکلا لیکن واپس نہیں آیا۔ بچے کے ماموں ارشد حسین،لیاقت علی اور عینی شاہد محمد علی نے نمائندہ \"پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کے والد سعودیہ میں کام کرتے ہیں اور یہ کل تین بہن بھائی ہیں۔15اکتوبر کی صبح 10بجے کے قریب ان کے گھر میں کوڑا لینے کے لیے عملہ آیا تو عبداللہ گھر سے باہر نکل آیا اور گلی کے کونے میں کھڑے ہوئے رکشوں میں اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلتا رہا جہاں سے وہ اچانک غائب ہو گیا ۔ہم نے اس کی تلاش کے لیے علاقہ بھر کی مساجد میں اعلانات کروائے لیکن اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ ہم نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے مقدمہ درج کرنے کی بجائے گمشدگی کی رپورٹ درج کر لی لیکن پولیس اہلکار بھی گھر کے باہر آ کر کھڑے ہونے کے علاوہ کچھ نہیں کر تے رہے ۔علاقہ کی کیبل پر بھی اسکی تلاش کے لیے اشتہارات چلوائے جس کے نتیجے میں لال پل کے قریب سے گزشتہ رات محمد نوید عباس نامی شخص نے ایک بچے کے ملنے کی اطلاع دی جس پرہم نے گزشتہ رات رابطہ کیا تو عبداللہ مل گیا۔اس موقع پر اہل محلہ کا کہنا تھا کہ تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ میں بچوں کے اغواء اور بد اخلاقی کے بعد ان پر تشدد اور قتل کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کے معاملے میں عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے بچوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔دوسری جانب بچوں کو اغواء کرنے والے گروہ کے بھی کسی رکن کو گرفتار نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے ،پولیس حکام سے اپیل ہے کہ ان وارداتوں کے حوالے سے کوئی بہتر حکمت عملی اختیار کریں۔

مزید :

علاقائی -