سیاسی مقاصد کےلئے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا:خواجہ آصف

سیاسی مقاصد کےلئے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا:خواجہ آصف
سیاسی مقاصد کےلئے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا:خواجہ آصف

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر پانی و بجلی اور دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی نقصان پہنچانا بدترین دہشت گردی ہے، سیاسی مقاصد کے حصول اور حکومت کو نقصان پہنچانے کے لئے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

وفاقی دارلحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کی حفاظت تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے تاہم سیاسی مقاصد کے لئے دیئے جانے والے دھرنوں نے قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاہے ،دھرنوں کا مقصد پاک چین تعلقات خراب کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے پیچھے تیل سے فائدہ اٹھانے والی لابی ہے جبکہ ایک لابی نے چین سے تعلقات خراب کرنے کی بھی کوشش کی اور ایسے حالات پیدا کر کے چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرایا گیا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے نیپرا کو دی گئی درخواست میں غلط اعداد وشمار پیش کیے جسے نیپرا نے مسترد کردیا، تحریک انصاف کے اسد عمرکاروباری اداروں کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور انہیں معاشی معاملات کی سمجھ ہے اس لئے انہیں حکومت پرالزام تراشی نہیں کرنی چاہیئے ، عمران خان میں معاشی معاملات سمجھنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے اس لئے وہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر وفاقی حکومت پر الزامات لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل سے پیدا ہونے والی بجلی پر حکومت 100 فیصد سبسڈی دیتی ہے اور 18 روپے میں پیدا ہونے والی بجلی 9 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، دھرنوں کے باعث 10 ہزار400 میگاواٹ منصوبے کھٹائی میں ڈالنے کی کوشش کی گئی۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں