تر بیت یافتہ افسران بہتر قومی خدمت انجام دے سکتے ہیں : گورنرسندھ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کی نیک نامی، ایجنڈے ، عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات اور تعمیری کاوشیں افسران کی مرہون منت ہی پایہ تکمیل تک پہنچ سکتی ہیں ، تجربہ کار ، با صلاحیت اور اپنے شعبہ میں ماہر افسران ملک وقوم کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں اس ضمن میں تربیتی کورسز افسران کے تجربہ اور صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں ، پاکستان میں افسران کی تربیت ، ان کے تجربہ میں اضافہ اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق افسران کی تیاری میں اہم ثابت ہورہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد اور لاہور کے زیر اہتمام 26 ویں مڈ کیریئر منیجمنٹ کورس کے شرکاء سے گورنرہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنرہاؤس میں شرکاء نے گورنرسندھ سے مختلف موضوعات پر سوالات بھی کئے اور صوبہ میں حکومتی اقدامات اور عوامی فلاح وبہبود سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر مبنی تھے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اچھے افسران نہ صرف حکومت بلکہ قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں ، محنت ، لگن اور کچھ کرنے کی جستجو افسران کواپنے شعبہ میں ممتاز کرتی ہے، ملک و قوم کی تعمیر میں افسران کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ،افسران کو چاہئے کہ وہ محنت ، لگن اور جذبہ حب وطنی کے تحت کام کریں ، مشکل فیصلوں میں حکومت کی مدد اور عوام تک فوری ریلیف کی فراہمی میں افسران کو آگے آنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان ، معاشی خوشحالی ، سفارت کاری اور دیگر کئی ایسے کام با صلاحیت افسران کے باعث ہی ہورہے ہیں ٹیم ورک کے ساتھ کام کرنے سے ایک تو کام آسان اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکتے ہیں ، عوامی مشکلات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں افسران کو شب و روز کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں مسائل زیادہ ہیں جبکہ وسائل بہت کم ہیں موجودہ حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب گامزن ہے چند برسوں میں پاکستان کی حالت سدھر سکتی ہے اس ضمن میں افسران کا کلیدی کردار ہے ۔