تارکین وطن کوووٹ کاحق ہم نے دلوایا،مبارکبادیں عمران خان لے رہے ہیں،چیف جسٹس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان میں نجی ہسپتالوں میں مہنگے علاج کیخلاف کیس کی سماعت میں چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ تارکین وطن کوووٹ کاحق ہم نے دلوایا،مبارکبادیں عمران خان لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے نجی ہسپتالوں میں مہنگے علاج کیخلاف کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں،کہتے ہیں علاج کی قیمت کم کردی ہے، نجی ہسپتالوں نے کچھ تجاویزدی ہیں،نجی ہسپتال والے کہتے ہیں علاج کی فیس کم کردی ہے،مخصوص تعدادمیں فری بیڈزبھی دیئے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایک نجی ہسپتال میں خاتون بسترمرگ پرتھی،خاتون سے 18 ہزاربیڈچارجز لئے جارہے تھے،باقی تمام چیزوں کے چارجزالگ تھے،نجی ہسپتال بچے کوانکیوبیٹر میں رکھنے کا 45 ہزارلے رہاتھا،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اب نجی ہسپتال والے بتارہے ہیں کہ چارجزکم کردیئے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کمیشن 10 نومبرتک علاج کی فیس پررپورٹ دے،وہی فارمولہ تمام نجی ہسپتالوں پرلاگو ہوگا۔