غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماہر تعلیم جاوید ملک کی کتاب ’’ٹرانسفارمنگ ولیجز‘‘ کی تقریب رونمائی

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماہر تعلیم جاوید ملک کی کتاب ...
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماہر تعلیم جاوید ملک کی کتاب ’’ٹرانسفارمنگ ولیجز‘‘ کی تقریب رونمائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماہر تعلیم اور ڈی ایف آئی ڈی کے سابق ایجوکیشن ایڈوائزر جاوید ملک کی کتاب ’’ٹرانسفارمنگ ولیجز‘‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد مقامی یونیورسٹی کے اشتراک کیا گیا جس میں سابق صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ، سینئر تجزیہ کار و کالم نگار سلمان عابد ، یو ایم ٹی کی ڈاکٹر ماریہ ، شاعر علی اکبر ناطق اور دیگر مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں مقررین نے تصنیف پر جاوید ملک کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے اپنی کتاب کی صورت میں ایک ایسے پہلو کو اجاگر کیا ہے جو ہم سے اوجھل تھا ، یا جس پر ہماری حکومتوں کی توجہ نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقی ایک ایسا موضوع ہے جس پر بہت بحث کی ضرورت ہے لیکن اس کتاب میں جاوید ملک نے یہ بحث بہت خوبصورتی کے ساتھ سمیٹی ہے۔
تقریب میں مذکورہ کتاب کو سوشل ویلفئیر کا کام کرنے والے طالبعلموں کیلئے راہنما قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس مسودہ سے استفادہ کرکے دیہاتوں کو درپیش سماجی چیلنجز سے نبٹا جا سکتا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ ماضی میں دیہی ترقی پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں کی ترقی کیلئے وہاں کے لوگوں کو پارٹنر بنایا جائے تو ہیومن ڈویلپمنٹ بھی بڑھے گا اور غربت کی شرح بھی کم ہوگی ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر ہماری حکومتیں شہری کے ساتھ ساتھ دیہی ترقی پر بھی توجہ دیں تو سماج نہ صرف خوبصورت ہو جائے گا بلکہ یہ اقدام معاشرتی ترقی کا بھی ضامن ہوگا ۔ اس ضمن میں تقریب میں بیشتر تجاویز بھی زیر بحث آئیں اور دیہی ترقی کیلئے منظم منصوبہ بندی کے ضمن میں چین اور کوریا کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔