’’ انڈر سٹینڈنگ چائنہ ‘‘ کے زیر اہتمام پاکستانی صحافیوں کے وفد کا چینی سٹیٹ کونسل اور چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کے دفاتر کا دورہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاک چین تعلقات کے فروغ کی تنظیم ’’ انڈر سٹینڈنگ چائنہ ‘‘ کے زیر اہتمام پاکستانی صحافیوں کے وفد نے چینی سٹیٹ کونسل اور چائنا کنسٹرکشن کارپوریشن کا دورہ کیا ۔ چینی حکام نے پاکستانی وفد کو سی پیک اور پاک چائنا تعلقات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ چینی حکام کا کہناتھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقتی مصلحتوں اور سیاست کے تغیرات سے بالا تر ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین کے 5روزہ دورے پر گئے پاکستانی صحافیوں اور دانشوروں کے 13رکنی وفد نے مصروف دن گزارا۔وفد نے چینی سٹیٹ کونسل کی ترجمان ژی یان شون سے ملاقات کی ۔ ترجمان کا کہناتھا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی زندہ علامت ہے ، یہ منصوبہ مستقبل میں خطے میں ہونے والی عظیم مثبت تبدیلیوں کا باعث بنے گا۔ ترجمان سٹیٹ کونسل کا مزید کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سی پیک کے فوائد مزید ظاہر ہوں گے اور تمام غلط فہمیاں خود بخود دور ہوجائیں گی ۔ پاکستان کی موجودہ حکومت کے تحت سی پیک کو فروغ اور مزید منصوبے سامنے آئیں گے ۔ مزید برآں پاکستانی صحافیوں کے وفد نے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا ، کارپوریشن کے وائس پریذیڈنٹ فانگ لی کا گانگ نے کارپوریشن کے مرکزی دفتر میں وفد کا استقبال کیا۔ فانگ لی کا گانگ کا کہناتھا کہ پاکستان میں چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کی 8کمپنیاں کام کررہی ہیں اور اس کی مجموعی سرمایہ کاری 8ارب ڈالر سے بھی زائد ہے۔ سی پیک منصوبوں میں کراچی سرکلر ریلوے اور ایم ایل ون جیسے بڑے منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جاری منصوبوں میں کارپوریشن کے زیر اہتمام 8ہزار افراد پر مشتمل عملہ کام کر رہا ہے جس میں 90فیصد پاکستانی ہیں ۔
پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں کارپوریشن کے ایگزیکٹو جنرل مینیجر وانگ لی بھی اس موقع پر موجود تھے،’’ انڈر سٹینڈنگ چائنہ ‘‘ تنظیم کے آرگنائزر ظفرالدین محمود نے کارپوریشن حکام کی طرف سے پرتپاک خیر مقدم پر انکا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے ارکان کا کہناتھا کہ موجود ہ حالات میں پاکستانی صحافیوں کا دورہ چین سی پیک بارے غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد گارثابت ہوگا۔ وفد میں سہیل وڑائچ، ہارون الرشید ، ارشاد عارف ، حبیب اکرم ، سلیم بخاری اور شعیب بن عزیز ، نذیر لغاری، خوشنود علی خان ، مجاہد بریلوی ، بیازد خان، عامر خان ، ظفرالدی محمود اور منصور آفاق بھی شامل ہیں ۔