”امام الحق زخمی ہوا تو مجھے موقع ملا، بیٹنگ کر رہا تھا تو کپتان نے کریز پر آ کر کہا کہ۔۔۔“ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد نے فخرزمان سے کیا کہا؟ حیران کن انکشاف کر دیا
ابوظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اوپننگ بلے باز امام الحق کے زخمی ہونے پر جارح مزاج بلے باز فخر زمان کو ٹیسٹ کیپ دی گئی تو انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو میچ میں ہی 94 سکور بنا ڈالا تاہم سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے جبکہ دوسری اننگز میں بھی 66 رنز بنائے۔
فخر زمان نے ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ٹیسٹ کے بعد مجھے اور عثمان صلاح الدین کو واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا تاکہ ہم پاکستان جا کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں تاہم دبئی ٹیسٹ کے آخری روز امام الحق کی انگلی میں فریکچر ہو گیا اور مجھے ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں 57 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے تو ہم دونوں کے درمیان یہ طے ہوا تھا کہ بس وکٹ پر رک کر کھیلنا ہے لیکن کپتان نے بہت اعتماد بڑھایا اور ہماری بیٹنگ ٹیم کے کام آئی جس کی بڑی خوشی ہے۔
ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کئے جانے کے سوال پر بائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ اس کا کریڈٹ کوچ مکی آرتھر کو جاتا ہے جو اس سال آئر لینڈ اور انگلینڈ مجھے اس سوچ کیساتھ لے کر گئے تھے کہ بس ہم نے آپ کو فی الحال ٹیم کے ساتھ رکھنا ہے تاکہ آپ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے تیار ہو سکیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ میں اپنی دونوں اننگز میں بیٹنگ کے سوال پر فخر کا کہنا تھاکہ بس مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کی اور اسی سوچ کے ساتھ ٹیسٹ اور ٹی 20 میں بیٹنگ کے لئے میدان میں کھیلنے جاتا ہوں۔