پاکستان میں پولیو پر تنقید کرنے والے امریکہ کیساتھ خود کیا ہوا؟ تشویشناک خبر آگئی
سینٹ پال(نیوز ڈیسک) امریکی ریاست منیسوٹا میں بچوں کو مفلوج کرنے والی ایک پراسرار بیماری کا رواں سال ساتواں کیس سامنے آچکا ہے، جبکہ اسی بیماری کے کیس اس وقت تک 22دیگر ریاستوں میں بھی سامنے آچکے ہیں۔ کرس ایرمن، جو کہ منیسوٹا ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے انفیکشس ڈیزیز سیکشن کے سربراہ ہیں، کا کہنا تھا کہ یہ پولیو سے ملتی جلتی بیماری ہے جو بچوں کو مفلوج کردیتی ہے اور ان میں ہلنے جلنے کی سکت نہیں رہتی۔
حال ہی میں سامنے آنے والے کیسز کی علامات ان بچوں سے ملتی جلتی ہیں جو پہلے اس بیماری کا شکار ہوچکے ہیں۔ اس صورتحال نے 2014ء میں اس وقت قومی سطح پر توجہ حاصل کی جب کیلیفورنیا اور کولوراڈو میں مجموعی طور پر 120 کیس سامنے آئے۔ اس کے بعد 2016ء میں بھی مختلف مقامات پر 149کیس درج کئے گئے اور سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق رواں سال بھی 22 ریاستوں میں 127 کیس سامنے آچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس بیماری کی نمایاں وجہ ریڑھ کی ہڈی کی سوزش ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے جسم مفلوج ہوجاتا ہے۔ بعض دیگر ماہرین کا خیال ہے کہ وائرس کے اثرات، جینیاتی اور ماحولیاتی طور پر پھیلنے والے اسباب بھی اس کی وجہ ہوسکتے ہیں، البتہ پولیو وائرس کے خدشے کو رد کردیا گیا ہے، اگرچہ پولیو وائرس کی وجہ سے بھی اسی طرح کی علامات پیداہوسکتی ہیں۔ مچھر سے پھیلنے والے نیل وائرس کے بارے میں بھی خدشہ تھا کہ وہ اس بیماری کا سبب بن رہا ہے لیکن تازہ ترین کیسز پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ وائرس بھی بیماری کی وجہ نہیں ہے۔