اگر آپ سیگریٹس پیتے ہیں تو اس کا نقصان آپ کے بچوں کو نہیں بلکہ اگلی نسلوں کو بھی ہوگا۔۔۔ سائنس نے خبردار کردیا

ٹیلہیسی(نیوز ڈیسک) تمباکو نوشی کی لت میں مبتلاء افراد کو لاکھ سمجھائیں مگر انہیں سمجھ نہیں آتی کہ یہ بد عادت اُن کے لئے کس قدر نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ شاید ایسے لوگوں کو سائنسدانوں کی یہ تازہ ترین وارننگ سُن کر ہی کچھ احساس ہو جائے کہ وہ اپنے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔ امریکی سائنسدانوں نے حالیہ تحقیقات کے بعد بتایا ہے کہ تمباکو نوشی کے نقصانات صرف تمباکو پینے والے تک محدود نہیں رہتے بلکہ اُس کے بچوں، اور پھر اُن کے بچوں، یعنی کم از کم تیسری نسل تک ضرور جاتے ہیں۔
سائنسی جریدے PLOS Biology میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نکوٹین کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے سائنسدانوں نے چوہوں پر تجربات کئے۔ جن چوہوں کے جسم میں نکوٹین داخل کی گئی ان کے نہ صرف بچوں میں جینیاتی خرابی تھی بلکہ ان کی تیسری نسل تک اس کے اثرات دیکھے گئے۔
تحقیق کی سربراہی کرنے والے فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدان پرتیپ بھیدی نے بوسٹن گلوب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب تک اس بات کا تفصیلی جائزہ نہیں لیا گیا تھا کہ باپ کی تمباکو نوشی سے اس کے بچوں اور آگے ان کے بچوں تک کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہماری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمباکو نوشی کے اثرات صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس کی اگلی کئی نسلوں تک جاری رہتے ہیں۔‘‘
چوہوں پر کئے گئے تجربات میں انہیں 12 ہفتوں تک نکوٹین ملا پانی دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان چوہوں سے بچے پیدا کئے گئے اور آگے ان سے پیدا ہونے والے بچوں کا بھی مطالعہ کیا گیا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ دوسری اور تیسری نسل میں پیدا ہونے والے چوہوں میں بھی دماغی کمزوری اور ابنارمل رویے جیسے مسائل دیکھنے میں آئے۔ ان میں سیکھنے کی صلاحیت کم تھی جبکہ یہ زیادہ تند اور مشتعل مزاج بھی رکھتے تھے۔ تفصیلی معائنے سے پتہ چلا کہ ان کے دماغ میں مختلف قسم کے نیورو ٹرانسمٹر کیمیائی مادے معمول سے کم ہو گئے تھے جس کی وجہ سے ان کا عصبی نظام بہتر طور پر کام نہیں کررہا تھا۔