جیلوں میں مراکز بحالی بنالیں ، الیکشن کے بعد ساری تحریک انصاف جیلوں میں ہوگی :رانا ثناءاللہ کا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا ءاللہ نے کہاہے کہ تحریک انصاف والے جیلوں میں مراکز بحالی بنالیں کیونکہ تحریک انصاف والوں کوان کی ضرورت پڑے گی اور اگر جیلوں میں بحالی مراکز نہ ہوئے تووہاں تحریک انصاف والے مرجائیں گے ،ڈالر حکومتی ارکان نے خرید لئے ہیں ، فواد چودھری کی جانب سے نیب قانون میں ترمیم کا بیان اس لئے سامنے آیاہے کہ الیکشن کے بعد ساری تحریک انصاف جیلوں میں ہوگی ۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ دھرنے کے دوران عمران خان نے بتایا تھا کہ حکومت کو عدلیہ کے ذریعے ختم کیاجائے گا ، یہ سازش 2013سے مسلم لیگ ن کی حکومت اور نوازشریف کے خلاف چل رہی ہے ، مختلف اوقات میں مختلف لوگ اس ساز ش کے کردار بنے ہوئے ہیں۔ اس وقت نیب چھوٹی چھوٹی تفصیلات میں جارہاہے اور شہبازشریف کی گرفتاری جس انداز میں کی گئی ہے وہ بذات خود ایک مضحکہ خیز اور ڈرامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس معلومات ہیں کہ نیب نے فیصلہ کیا تھا کہ الیکشن سے قبل شہباشریف کوگرفتار کیا جائے لیکن پھر ان کواس لئے گرفتار نہ کیا گیا کہ معاملہ کہیں خراب نہ ہوجائے کیونکہ نوازشریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عمران خان کے طرف سے پچاس لوگوں کے پکڑنے کے بیان پر اس لئے پریشان ہوتی ہے وہ ایسے بیانات دیتے ہیں لیکن اپنے ارد گرد ڈاکو بٹھائے ہوتے ہیں، فواد چودھری کی طرف سے نیب قانون میں ترمیم کا بیان اس لئے سامنے آیاہے کہ یہ جو پچاس لاکھ گھر بنانے جارہے ہیں ، اس کے بعد جب بھی الیکشن ہوا ،ساری تحریک انصاف جیلوں میں ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جس طرح دومہینے گزارے ہیں اور اس دوران انیل مسرت ، فیصل واڈا ودیگرنے بڑی تعداد میں ڈالرز خریدے ہیں جس کی وجہ سے ڈالر اتنا اوپر جارہاہے ، انہوں نے کہاکہ نیب کے اس قانون کی شاید آنیوالے وقت میں بھی ضرورت پڑے لیکن اپوزیشن اب اس پر تھوڑا غور کرے گی کہ یہ ترمیم کرنا ہے یا نہیں کرناہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے جیلوں میں بحالی سینٹر بنالیں کیونکہ تحریک انصاف والوں کی ان کی ضرورت پڑے گی اور اگر جیلوں میں بحالی مرکز نہ ہوئے تووہاں تحریک انصاف والے مرجائیں گے ۔