”یہ ہمارے بس کی بات نہیں ہے “، تجزیہ کار سلیم بخاری نے ایران سعودی عرب کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سہولت کاری کی وضاحت کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم بخاری نے کہا ہے کہ ہم جتنی مرضی ایران اور سعودی عرب کے درمیان کوششیں کرلیں مگر یہ ہمارے بس کی بات نہیں ہے، چھ عالمی طاقتیں اس معاملے میں ناکام ہوچکی ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم بخاری نے کہا کہ کسی بھی حکومت کوجب بھی مولانا فضل الرحمان جیسا چیلنج درپیش ہوتاہے تو مذاکرات کرناہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو بہتر طریقے سے ڈیل کیا جاسکتاہے لیکن تحریک انصاف کے کارکنوں نے اس کوٹاپ پر پہنچا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان پہلے دن سے یہ کہہ رہے ہیںکہ یہ دھاندلی زدہ الیکشن ہیں اور مینڈیٹ چوری ہوگیاہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جتنی مرضی ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت کوششیں کرلیں مگر یہ ہمارے بس کی بات نہیں ہے، چھ عالمی طاقتیں اس معاملے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 2011 کے جلسے سے ہم نے سمجھا تھا کہ شائد انقلاب کی بنیاد رکھی گئی ہے لیکن اب تو تحریک انصاف والے ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے ہیں۔