آئی سی سی نے اہم ترین رکن ملک کے 3 کھلاڑیوں کو کرپشن پر معطل کردیا
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی نے کرپشن کے الزامات پر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کپتان محمد نوید سمیت 3 کھلاڑیوں کو معطل کردیا۔ معطل ہونے والے دوسرے دو کھلاڑیوں میں بلے باز شیمان انور اور دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز قدیر احمد شامل ہیں ۔
عجمان لیگ میں حصہ لینے والے ایک اور کھلاڑی مہر دیپ چھایاکار کو آئی سی سی کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر معطل کیا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے مذکورہ کھلاڑیوں پر 13 الزامات عائد کرتے ہوئے فوری طور پر انہیں معطل کردیا گیا ہے۔
32 سالہ محمد نوید فاسٹ باﺅلر ہیں جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے 39 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں ، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر سے پہلے آئی سی سی کے 2 اور یو اے ای کرکٹ بورڈ کی ٹی 10 لیگ کے بھی کرپشن سے متعلق2 قوانین توڑے ہیں۔
قدیر احمد خان پر الزام ہے کہ انہوں نے زمبابوے اور نیدر لینڈ کے خلاف سیریز میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی 6 خلاف ورزیاں کیں۔ شیمان انور بٹ پر آئی سی سی کوڈ کی 2 خلاف ورزیوں کا الزام ہے۔ آئی سی سی نے تمام کھلاڑیوں کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے انہیں 14 روز میں اپیل کی مہلت دی ہے۔