کراچی میں سپرہائی وے پر فائرنگ میں 3 افراد جاں بحق
کراچی (آئی این پی)کراچی میں سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کو ملانے والے لنک روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 ٹرک ڈرائیورز جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کو ملانے والے ملیر لنک روڈ پر کاٹھور کے قریب ٹرک ڈرائیورز ایک ادارے کی جانب سے حالیہ دنوں میں اوور لوڈ ٹرکس کے خلاف جاری مہم پر احتجاج کررہے تھے۔احتجاجی مظاہرین نے پتھراؤ بھی کیا، اس دوران فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کی شناخت نیاز علی، سید ایوب اور رسول خان کے ناموں سے ہوئی ہے جو کہ ٹرک ڈرائیور ہیں، تینوں لاشوں اور ایک زخمی کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایس پی ملیر سید علی رضا کے مطابق پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی فائرنگ ہوچکی تھی، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، فائرنگ کے واقعے کے بعد سے لنک روڈ ٹریفک کیلئے بند ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مظاہرین نے سپر ہائی وے بحریہ ٹان اور انصاری پل کے درمیان بلاک کردیا جس کے باعث کراچی حیدرآباد آنے اور جانے والی دونوں سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔