چونیاں میں بچوں کے قاتل کا مزید ریمانڈ،بڑے گروہ سے تعلق کا انکشاف
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چونیاں میں بچوں کو بداخلاقی کے بعد قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم سہیل شہزاد کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیاہے۔چونیاں پولیس نے بچوں کو بداخلاقی کے بعد قتل کرنے والے ملزم سہیل شہزاد کو ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی لاہورکی عدالت میں بکتر بند گاڑی لاکر پیش کیا، پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم دیگر تین بچوں کے قتل کیس میں بھی ملوث پایا گیا ہے،اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جو مل گیا ہے جبکہ ملزم نے بچوں کے ساتھ بداخلاقی کے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے، عدالت میں تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ملزم سہیل شہزاد کا ایک بڑے گروہ سے تعلق ہے جن کے ساتھ مل کر یہ واردات کرتا تھا، ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے ریکارڈ کی پڑتال اور تفتیشی افسرسے معلومات لے کر ملزم کومزید15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاہے۔