”عاقب جاوید کو یہ حق ہی نہیں کہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کریں کیونکہ لاہور قلندرز۔۔۔“ وقار یونس کا عاقب جاوید پر جوابی وار، ایسی بات کہہ دی کہ سابق باﺅلر خاموش ہی رہ جائیں

”عاقب جاوید کو یہ حق ہی نہیں کہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کریں کیونکہ ...
”عاقب جاوید کو یہ حق ہی نہیں کہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کریں کیونکہ لاہور قلندرز۔۔۔“ وقار یونس کا عاقب جاوید پر جوابی وار، ایسی بات کہہ دی کہ سابق باﺅلر خاموش ہی رہ جائیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ عاقب جاوید پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے 6 سے 7 سال تک ڈائریکٹر رہے ہیں مگر ان کی ٹیم اگلے راﺅنڈز کیلئے کوالیفائی نہ کر پائی اس لئے انہیں قومی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں کمنٹری کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے عاقب جاوید کو قومی ٹیم کی مینجمنٹ پر تنقید کرتے سنا جس پر بہت افسوس ہوا۔ کسی دوسرے پر انگلی اٹھانے سے پہلے عاقب جاوید کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اگر وہ خود اس قابل ہوتے تو پی ایس ایل میں اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو فائنل جتواتے یا کم از کم فائنل تک تو لے کر آتے، مگر ان کی نااہلی کے باعث ایسا نہ ہوا اور لاہور قلندرز ابتدائی مراحل میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

اس سے پہلے لاہور میں کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کے وائٹ واش ہونے پر عاقب جاوید نے مصباح الحق اور وقار یونس سمیت ٹیم مینجمنٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو قومی ٹیم میں شامل کرنا مصباح الحق اور وقار یونس کا فیصلہ نہیں ہوسکتا ان پر کسی اور نے دباﺅ ڈالا ہوگا جس کے ردعمل میں وقار یونس نے بھی عاقب جاوید کو کھری کھری سنا دی ہیں۔

مزید : کھیل