اہم ترین آسٹریلوی آل راﺅنڈر پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر ہو گیا
پرتھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے اہم آل راؤنڈر مچل مارش غصے میں دیوار پر مکا مار کر پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مچل مارش نے ڈومیسٹک شیفیلڈ شیلڈ ٹرافی ٹورنامنٹ میں ویسٹرن آسٹریلیا ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 53 پر آؤٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم کی دیوار پر مکا مار کر بھڑاس نکالنے کی کوشش کی لیکن ان کی درمیانی انگلی فریکچر ہوگئی جس کے باعث انہیں کم از کم 6 ہفتوں کیلئے آرام کرنے کی تجویز دی گئی ہے، یوں ان کی نومبر میں پاکستان کیخلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔
ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ اس واقعہ پر کوچ جسٹن لینگر کا کیا رد عمل ہے، جواب میں مچل مارش نے کہا کہ انہوں نے مجھے احمق کا خطاب دیا ہے، میرے اور دیگر تمام کرکٹرز کیلئے یہ ایک سبق ہے، کبھی انسان جلد بھی آؤٹ ہوجاتا ہے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ دیواروں پر مکے مارنے لگ جائیں۔