”بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر سارو گنگولی کی یہ بات عمران خان جیسی ہے کہ ۔۔“شعیب اخترنے بی سی سی آئی کے نئے صدر کیلئے پیغام جاری کر دیا

”بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر سارو گنگولی کی یہ بات عمران خان جیسی ہے کہ ...
”بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر سارو گنگولی کی یہ بات عمران خان جیسی ہے کہ ۔۔“شعیب اخترنے بی سی سی آئی کے نئے صدر کیلئے پیغام جاری کر دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی 23 اکتوبر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے جارہے ہیں اور وہ اس عہدے پر بلامقابلہ ہی منتخب ہو گئے ہیں ،  پاکستان کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے ان کے انتخاب پر خیر مقدم کرتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کر دیاہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ گنگولی اور عمران خان میں یہ بات ایک جیسی ہے کہ دونوں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے میں یقین رکھتے تھے۔

یوٹیوب پر جاری پیغام میں شعیب اختر کا کہناتھا کہ میں انڈین پریمیر لیگ میں”کلکتہ نائٹ رائیڈرز“ ٹیم میں سورو گنگولی کی کپتانی میں کھیل چکا ہوں اور اس دوران گنگولی کو کرکٹ میدان میں اور میدان سے باہر قریبی طور پر دیکھنے اور پرکھنے کا موقع ملا ہے۔

شعیب اختر نے کہا کہ انہیں 98-1997 سے قبل کبھی بھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ بھارت پاکستان کو ہرا سکتا ہے، کیونکہ بھارتی ٹیم میں حوصلہ اور صلاحیت موجود ہی نہیں تھی کہ وہ پاکستان کے خلاف فتح حاصل کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ گنگولی کے کپتان بننے کے بعد صورت حال یکسر تبدیل ہو گئی اور انہوں نے بہت سے نئے چہرے بھارتی ٹیم میں آتے دیکھے ۔ شعیب کا کہنا تھا کہ 2004 میں بھارت نے پاکستان کا دورہ کیا تو گنگولی کی کپتانی کے باعث اس نے پاکستان کے خلاف سیریز جیتی۔

شعیب نے کہا کہ گنگولی اور عمران خان میں یہ قدر مشترک ہے کہ دونوں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے میں یقین رکھتے تھے۔جس طرح عمران خان نے اپنی کپتانی کے دور میں وسیم اکرم، وقار یونس، مشتاق احمد، عاقب جاوید اور انضمام الحق کو موقع دیا جنہوں نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو انتہائی بلندی پر پہنچا دیا، اسی طرح سوریو گنگولی نے بھی نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرا کے بھارتی ٹیم کو ایک وننگ کامبی نیشن میں تبدیل کر دیا۔

شعیب اختر نے کہا کہ اب گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر بن گئے ہیں اور چونکہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں بھارت کا اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے، وہ یہ دیکھنا چاہیں گے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے کیا کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید : کھیل