شہری آبادیوں میں بے تحاشہ اضافہ موسمیاتی آلودگی کا ایک بڑا سبب ہے: زرتاج گل

شہری آبادیوں میں بے تحاشہ اضافہ موسمیاتی آلودگی کا ایک بڑا سبب ہے: زرتاج گل
شہری آبادیوں میں بے تحاشہ اضافہ موسمیاتی آلودگی کا ایک بڑا سبب ہے: زرتاج گل

  



اسلام آباد(آئی این پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ شہری آبادیوں میں بے تحاشہ اضافہ موسمیاتی آلودگی کا ایک بڑا سبب ہے،حکومت ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے کے حل بارے پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےہاشو گروپ اور آکسفام کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دور ان کیا۔ تقریب کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی حکمت عملی وضع کرنا اور خواتین آجروں کی ترقی کی راہیں تلاش کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا تھا۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی باگ ڈور سنبھالتے ہی اس اہم مسئلے پر بھرپور توجہ مرکوز کی جس کے باعث اس مسئلے کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی نااہلی کے باعث ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ اس قدر گھمبیر ہو چکا تھا کہ مافیاز نہ صرف پہاڑوں بلکہ جنگلات کا بھی دھڑا دھڑ صفایا کرنے میں مصروف تھے،فیصل آباد، کراچی، لاہور،پشاور اور راولپنڈی،اسلام آباد اس آفت کا بڑا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات سے آگاہی اور متبادل تھیلوں کے استعمال بارے راغب کرنے میں ملکی میڈیا کا کردار نہایت قابل تعریف ہے۔

اس موقع پر ہاشو گروپ کے پروجیکٹ ہیڈ سہیل بنگش نے ہاشو گروپ اور آکسفام کے مشترکہ پائلٹ پراجیکٹ بارے سامعین کو آگاہی دی کہ جس کا مقصد منتخب خواتین کو مختلف اقسام کے کپڑے کے تھیلے بنانے اور ان کی فروخت بارے تربیت دینا ہے۔ آکسفام کے کنٹری ڈائریکٹر محمد قزلباش نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی خواتین کی شراکت داری کے بغیر ناممکن ہے۔ ہاشو گروپ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبر شاہ خاور ایڈووکیٹ نے ہاشو فاؤنڈیشن کے اعتراض و مقاصد کا تفصیل سے ذکر کیا۔ اس موقع پر خواتین کی معاشی خود کفالت بارے ماہرین کے مابین پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد