عمران خان کی تقریر نے پرویزخٹک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی کوشش ناکام بنادی، حامد میر کادعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) حامد میر نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر سے پہلے پرویز خٹک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی کوشش کامیاب ہوتی نظر آرہی تھی لیکن عمران خان کی تقریر کے بعد یہ ختم ہوگئی ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہاکہ مجھے پرسوں رات پرویز خٹک نے بلا کر بتایا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی ان کے ساتھ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کیلئے جائیں گے لیکن جب پرویز خٹک نے رابطہ کیا تو کوئی مثبت جواب نہ ملا جس پر کہا گیا کہ چلیں ملاقا ت ہی کرلیں ، اس بات پر غور ہورہا تھا کہ وزیر اعظم نے تقریر میں جے یو آئی کے بارے میں باتیں کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اب میری مولانافضل الرحمان سمیت کئی اورلوگوں سے بات ہوئی ہے تووہ کہہ رہے ہیں کہ اب تو اخلاقی طور پر بھی بات نہیں ہوسکتی ۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریر سے پہلے پرویز خٹک کی کوشش کامیاب ہوتی نظر آرہی تھی لیکن عمران خان کی تقریر کے بعد یہ ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کوپتہ تھا کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات نہیں کریں گے اوراب جب ان کی طرف سے یہ بات کی گئی ہے تو حکومت یہی کہے گی کہ ہم آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ۔حامد میر نے کہا کہ شیخ رشید کے بیانات سے مولانا فضل الرحمان کے بیانات میں سختی آنا شروع ہوگئی تھی ، اصل میں شیخ رشید نے اس عمل کوسبوتاژ کیاہے اورپرائیویسی کوبھی لیک کیا ہے ۔