وزیر اعظم نے نوٹس لیا پر کچھ نہیں کیا
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جسے وہ ریاست مدینہ کا رول ماڈل بنانے کا عزم دہراتے رہتے ہیں اس ریاست مدینہ ماڈل پاکستان میں وہ صرف مہنگائی کے تدارک، ذخیرہ اندوزوں،ناجائز منافع خوروں، آٹا، شوگر،آئل مافیا کے خلاف 11 بار نوٹس لے چکے ہیں، لیکن ان نوٹسز کا یہی حال ہو ا جو ماضی میں ہوا تھا کہ”نوٹس ملیا پر کچھ نہ ہلیا“ آئی ایم ایف نے پاکستان میں سال 2020ء تک مہنگائی کی شرح 10.7 فیصد رہنے کا عندیہ دیا ہے سال 2021ء میں مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد بے روز گار ی بڑھنے کی نوید سنائی ہے پی ٹی آئی حکومت میں ایک سال میں ملکی قرضے 3419 ارب روپے بڑھ کر مجموعی قرضہ35659ارب روپے ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان صاحب کا کہنا ہے کہ ان کی ساری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہے صورت حال کو خود مانیٹر کر رہا ہوں عوام کو ریلیف دینے کے لئے سرکاری مشینری کو متحرک کروں گا، لیکن وزیراعظم صاحب ملک میں مہنگائی ساتویں آسمان تک پہنچ چکی ہے آپ نے شوگر،آٹا مافیاز کے خلاف بھی ایکشن لیا تھا ان مافیاز کے خلاف سرکاری رپورٹ بھی آگئی، لیکن آج تک شوگر،آٹا مافیاز کو آپ قانون کے شکنجے میں نہیں لا سکے البتہ ان مافیاز نے آٹا،چینی مہنگی کر کے عوام کو اپنے پنجوں میں گاڑھ رکھا ہے 55 روپے کلو چینی آج 110 روپے کلو اور 40 روپے کلو والا آٹا 70 روپے کلو میں بک رہا ہے اور آپ عوام کو کہتے ہیں گھبرانا نہیں، جناب وزیراعظم صاحب جب آپ کسی ایشو پر نوٹس لینے کا کہتے ہیں عوام الناس کی جانب سے یہی مطالبہ آتا ہے کہ خدارا اپنا نوٹس واپس لے لیں، کیونکہ آپ کے پہلے نوٹسز کی قیمت ہم بدترین مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔اوپر سے آپ نے ٹائیگر فورس کے ذریعے مافیاز اور ناجائز منافع خوروں کو بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا ہے جو کہ غیر قانونی ہے یہ تو عوام کو ایک دوسرے سے باہم دست و گریبان کرنے کے مترادف ہے اگر اپنی چارپائی کے نیچے ڈانگ پھیریں تو مافیاز اپ کو مل جائیں گے اگر اپنی کابینہ میں دائیں بائیں دیکھیں تو مافیاز آپ کو نظر آ جائیں گے بس وزیراعظم صاحب اب آپ نے گھبرانا نہیں، جناب وزیراعظم صاحب آپ کی کابینہ کا یہ حال ہے کہ وہ اجلاس میں ایک دوسرے کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کر رہے ہوتے ہیں،حالانکہ حقیقت میں وزراء ایک دوسرے کے خلاف سچ ہی تو بول رہے ہوتے ہیں، لیکن آپ ٹس سے مس نہیں ہوتے آپ کے دور حکومت میں عوام الناس کو اپنی جانوں کے ساتھ بھوک، غربت،مہنگائی،بے روز گاری کے لالے پڑ گئے ہیں یہ ہے آپ کا نیا پاکستان جس میں مافیاز ہو گئے بے لگام اور عوام ہو گئے ہلکان۔