پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل شفافیت، گڈ گورننس میں پوشیدہ ہے: نعمان لنگڑیال
لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجز کا حل شفافیت اور گڈ گورننس میں پوشیدہ ہے اور تحریک انصاف کی حکومت اسی جانب گامزن ہے،وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سرکاری افسران کو ہر طرح کے سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے جس سے ان کے کارکردگی میں بہتری اور نکھار آیا ہے اور اس سے عوام کے مسائل کے حل میں بھی مدد ملی ہے،ریاست کے امور چلانے کیلئے سرکاری افسران کا کلیدی کردار ہے اس لیے ان کی مختلف امور پر مضبوط گرفت ہونی چاہیے جو مختلف تربیتی کورسز کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی ڈی ڈی سے 12ہفتوں کا تربیتی کورس مکمل کرنے والے لائیو سٹاک، معدنیات، جنگلات، خزانہ اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کے افسران کو سرٹیفیکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے بنائی جانیوالی پالیسیاں خواہ کتنی ہی بہتر کیوں نہ ہوں لیکن ان کی کامیابی کا دارومدار موثر عملد درآمد پر ہے جو سرکاری افسران کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گڈگورننس کویقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر بہتر اصلاحات کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ تحریک انصاف کی حکومت سے جڑی عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ اس ادارے سے کورس کرنے والے افسران نے بہت کچھ نیا سیکھا ہوگا۔
جس سے انہیں بطور پبلک سرونٹ عوام کی مدد اور ان کی مشکلات کو نمٹانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے اپنے کردار اور کمٹمنٹ سے اپنے آپ کو عوام کا ہمدرد اور مدد کرنے والا ثابت کرنا ہے اور یہی آپ کی سروس کا اصل فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ڈی ڈی کا اصل مقصد سرکاری افسران کی صلاحیتوں،استعداد میں اضافہ کرنا اور ایماندار پبلک سرونٹ بنانا ہے جو اپنے امور سے متعلق رونما ہونے والی ہر طرح کی تبدیلیوں سے آگاہی رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کو فرائض کی انجام دہی کے دوران بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میں پر امید ہوں کہ اس کورس کے ذریعے افسران کو مختلف چیلنجز سے نمٹنے میں مدد میسر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ خود کو غیر جانبدار رکھیں اور عوام کے مسائل کے حل اور ان کی مدد کرتے ہوئے کسی طرح کی تفریق نہ برتیں بلکہ ہمیشہ عوام کے مفادات کو مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، خاص طور پر کورونا وائرس کی وباء نے عوام کی معاشی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، ایسے حالات میں تمام مسائل کا حل شفافیت اور گڈ گورننس میں پوشیدہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت اسی جانب پیشرفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کورس کرنے والے افسران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی صلاحیت کے بل بوتے پر انشا اللہ گریڈ 19سے گریڈ 20میں ترقی پائیں گے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کورس مکمل کرنے والے افسران میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے*۔
