کورونا وائرس لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کیساتھ کیا مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے؟ وقار یونس نے تشویش کا اظہار کر دیا

کورونا وائرس لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کیساتھ کیا مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ...
کورونا وائرس لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کیساتھ کیا مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے؟ وقار یونس نے تشویش کا اظہار کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے ایشوز کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ بائیو سیکیور ببل میں کھیلنا آسان نہیں ہے اور اگر کوویڈ 19 لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، ہمارے کرکٹرز نے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ بائیو سیکیور ببل میں کھیلی ہے، ابھی اس حوالے سے کوئی چیز سامنے نہیں آئی ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ دماغی صحت کے مسائل پیدا نہیں ہو سکتے، مسائل پیدا ہو سکتے ہیں کیونکہ آئسولیشن میں رہنا اور کراؤڈ کا نہ ہونا مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حارث سہیل نے انگلینڈ کا دورہ کرنے سے منع کر دیا تھا، وہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل تھے اور ایسا ہرگز نہیں ہے کہ وہ باصلاحیت نہیں ہیں لیکن انہوں نے موجودہ صورتحال میں انگلینڈ جانے سے منع کیا تو ان کے فیصلے کا احترام کیا گیا، میں سمجھتا ہوں کہ اگر کوئی کھلاڑی دستبردار ہونا چاہتا ہے تو اس کے فیصلے کو احترام دینا چاہیے، اسی طرح ابھی جوفرا آرچر نے اعلان کیا کہ وہ مزید بائیو سیکیور ببل میں نہیں رہنا چاہتے تو سمجھ آتی ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا ہے۔
وقار یونس نے کہا کہ کرکٹ بورڈز ضرور اس حوالے سے سوچ بچار کر رہے ہوں گے کہ موجودہ صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے اور اگر کوویڈ 19 طویل ہوتا ہے تو کیا حکمت عملی بنانی چاہیے، ایسا کرنا کھلاڑیوں کی دماغی صحت کیلئے ضروری ہے، تماشائیوں کے نہ ہونے کے بھی اثرات ہیں، یہ حکمت عملی بھی یقینی طور پر زیر غور ہو گی کہ سٹیڈیمز میں کراؤڈ کو کیسے واپس لانا ہے۔

مزید :

کھیل -