"پاکستانی ڈراموں میں ایک ہی چیز دکھائی جاتی ہے" صدر عارف علوی کی اہلیہ بھی بول پڑیں
اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ خاتون اول ثمینہ علوی بھی پاکستانی ڈراموں کے مواد پر نالاں دکھائی دیں اور کہا کہ ملکی ڈراموں میں غلط چیزوں کے علاوہ کچھ نہیں دکھایا جاتا۔
ڈان نیوز نے انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کے حوالے سے بتایا کہ خاتون اول نے اعتراف کیا کہ وہ ایک جیسے ہی ولگر موضوعات کی وجہ سے پاکستانی ڈرامے کم دیکھتی ہیں، کیوں کہ ان میں ’افیئرز‘ اور غلط چیزوں کے علاوہ کچھ نہیں دکھایا جاتا، انہیں پاکستانی ڈرامے دیکھنے سے ڈپریشن ہوجاتا ہے، کیوں کہ ان میں کوئی بھی ڈھنگ کی چیز نہیں دکھائی جاتی۔
اہلیہ صدر مملکت کے مطابق پاکستانی ڈراموں میں کوئی بھی تعمیری کام نہیں کیا جا رہا اور انہوں نے اس مسئلے پر کچھ ٹی وی شخصیات سے بات بھی کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ ولگر اور بولڈ موضوع پر بنے ڈراموں کی ہی ریٹنگ آتی ہے، ڈراموں میں غلط چیزیں دکھانے کی وجہ سے ہی آج کل لڑکے اور لڑکیاں غلط کام کر رہے ہیں تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔
بیگم ثمینہ علوی کے مطابق ڈراموں میں جس طرح کی چیزیں دکھائی جائیں گی، بچے ویسا ہی کریں گے، اس لیے ڈراموں کے موضوعات تبدیل ہونے چاہیے اور انہیں تعمیری ہونا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اچھا ڈراما ہے اور اس میں کسی بھی چیز کو غیر مہذب طریقے سے نہیں دکھایا گیا۔ثمینہ علوی نے یہ بھی بتایا کہ خاتون اول ہونے اور سیاست پر نظر رکھنے کے لیے وہ ٹاک شوز دیکھتی ہیں۔
خاتون اول نے انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بی بی بشریٰ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مہذب شخصیت کی مالک خاتون قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ ہر موضوع پر کھل کر اور اچھے طریقے سے بات کی، بیگم ثمینہ علوی نے وزیر اعظم کی اہلیہ کے حوالے سے عام عوام میں پائے جانے والے خیالات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ وہ ہر موضوع پر اچھی دسترس رکھتی ہیں اور ان کی شائستہ گفتگو سے ان کی مہذبانہ شخصیت کا اقرار ہوتا ہے۔