"نواز شریف کا بیانیہ کسی ادارے کے خلاف نہیں" نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان نے عمران خان کو اداروں کی کمزوری کا ذمہ دار قرار دے دیا

"نواز شریف کا بیانیہ کسی ادارے کے خلاف نہیں" نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان ...
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ عمران خان بے شک سلیکٹڈ ہیں مگر ملک کے وزیراعظم ہیں، ان کا مریم نواز پر ذاتی حملے کرنا ثابت کرتا ہے کہ وہ کس حد تک نیچے گر گئے ہیں، نواز شریف کا بیانیہ کسی ادارے کے خلاف نہیں ہے، عمران خان کی تقاریر اداروں  کو کمزور کر رہی ہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز کی ریلی اور گوجرانوالہ جلسے کی زبردست کامیابی عمران خان اور اس کی حکومت کے اعصاب پر سوار ہے۔  لاہور سے گوجرانوالہ جس طرح لاکھوں لوگوں نے مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا، یہ نواز شریف اور مریم نواز کی مقبولیت کا عکاس ہے ۔ گوجرانوالہ میں تمام کوششوں کے باوجود آر ٹی ایس کا نہ بیٹھنا گوجرانوالہ کی نواز شریف سے محبت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بے شک سلیکٹڈ ہیں مگر ملک کے وزیراعظم ہیں، ان کا مریم نواز پر ذاتی حملے کرنا ثابت کرتا ہے کہ وہ کس حد تک نیچے گر گئے ہیں، عمران خان کا مریم نواز پر ذاتی حملے کرنا اُن کی گندی ذہنیت کی عکاس ہے۔ مریم نواز کی مقبولیت ان کے دماغ پر سوار ہو گئی جسے وہ ہضم نہیں کر پا رہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ پر عمران خان کے ذاتی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہوں، نیازی صاحب جن دو لوگوں کو آپ نے بچے کہا ہے ان دو بچوں نے آپ کا دن کا چین اور رات کی نیند حرام کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ کسی ادارے کے خلاف نہیں ہے بلکہ اداروں میں اُن کرداروں کے خلاف ہے جو آئین شکنی کرتے ہیں اور اداروں کو کمزور کرتے ہیں، نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ آج پوری عوام کھڑی ہے، عمران خان کی تقاریر اداروں  کو کمزور کر رہی ہیں۔

مزید :

قومی -