شہباز شریف اورمولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ،مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ (ن) نے ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
نجی ٹی وی کےمطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں ملک کی موجودہ صورتحال بالخصوص مہنگائی میں ہوشربا اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف سے بھی پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹیلی فون پر مشاورت کی ہے جبکہ نواز شریف نے ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔قائدین نے ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر اتفاق کیا ہے ۔ رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کے لئے گھروں سے نکلنا ہوگا ،ملک بھر میں احتجاج، احتجاجی ریلیاں اور مارچ ہوں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی بھی مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرچکی ہے.