"حکومت نے ملک کوآئی ایم ایف کی چراگاہ بنا دیا" مولانا فضل الرحمان کھل کر میدان میں آگئے، بڑا اعلان کردیا

"حکومت نے ملک کوآئی ایم ایف کی چراگاہ بنا دیا" مولانا فضل الرحمان کھل کر میدان ...
سورس: Screen Grab

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اس حکومت نے ملک کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی چراگاہ بنا دیا ہے، مہنگائی کے خلاف دو ہفتوں پر مشتمل ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ حکومت جعلی ہونے کے ساتھ ساتھ نااہل اور نالائق بھی ہے، اس وقت عوام کی زندگی مہنگائی کے باعث شدید متاثر ہوچکی ہے، حکومت ملک اور قوم کے مفادات کی بجائے آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کررہی ہے، حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کی چراہ گاہ بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر کرپٹ ترین حکومت مسلط ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے نے تمام شعبوں سے وابستہ افراد کو یکساں متاثر کیا ہے، پی ڈی ایم عام آدمی کی آواز بن کر میدان میں نکلی ہے، ان کو رخصت کرکے ہی ملک بہتری کی جانب آسکتا ہے۔

انہوں نے مہنگائی  کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں دو ہفتوں کیلئے احتجاج کیا جائے گا، ہر ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -