آٹا ،چینی اوراشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ، چیف سیکرٹری پنجاب بھی میدان میں آ گئے ،اہم ہدایات جاری کردیں

آٹا ،چینی اوراشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ، چیف سیکرٹری پنجاب بھی ...
آٹا ،چینی اوراشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ، چیف سیکرٹری پنجاب بھی میدان میں آ گئے ،اہم ہدایات جاری کردیں

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ موثرانتظامی اقدامات کے باعث صوبے میں آٹے اورچینی کی قیمت میں واضح کمی آئی ہے،قیمتوں میں استحکام کیلئے انتظامی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا،اشیا ئے ضروریہ کی مقررہ سے زائد قیمتوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اشیا ئے خورونوش بالخصوص آٹے اور چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صنعت، زراعت، خوراک کے محکموں کے سیکرٹریز،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے شرکت جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری نے آٹے اور چینی کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے انتظامی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آٹے اورچینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے صنعت، خوراک کے سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی بہتر ہے،قیمتوں میں استحکام کیلئے انتظامی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا،گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں سے سختی سے نمٹا جائے،قیمت کو اعتدال میں رکھنے کیلئے درآمدی چینی اہم کردار ادا کرے گی،ڈپٹی کمشنرز ضلع کی ضرورت کے مطا بق محکمہ خوراک سے درآمدی چینی منگوا سکتے ہیں،درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف کو ملنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی چینی کی کمرشل استعمال کیلئے فروخت کی ہر گز اجازت نہیں،انتظامیہ اور پولیس آٹے اور چینی کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھے،سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے منڈیوں کے نظام میں بہتری لانا ہوگی،کرپشن میں ملوث مارکیٹ کمیٹیوں کے اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔چیف سیکرٹری نے ریڑھی بازاروں اور بڑے سٹوروں پر ڈی سی کاؤنٹرز کے قیام کی تعریف کی ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -