سٹیٹ بنک شرح سود سنگل ڈیجیٹ پر لائے: فہیم الرحمان سہگل
لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے سیئنر وائس چیئرمین و سابق نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمان سہگل نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک شرح سود کو مرحلہ وار سنگل ڈیجیٹ پر لائے، کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے ضروری ہے کہ شرح سود کم رکھی جائے۔ موجودہ شرح15%کسی طرح بھی کاروبار کے مفاد میں نہیں ہے، معیشت پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔ 15%کی بلند ترین شرح اور بینکوں کے اضافی اخراجات کے ساتھ قرضہ لے کر کاروبار کرنا انتہائی محال ہے۔ز یادہ تر ملکی برآمدات کریڈٹ بیسڈ ہیں، انٹرسٹ ریٹ بڑھنے سے انکی ان پٹ کاسٹ بڑھ جاتی ہے اور عالمی منڈی میں مقابلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے جہاں خطے کے دیگر ممالک میں شرح سود 4سے7 فیصد تک ہے وہاں ملکی برآمد کننگان کو برآمدات بڑھانے میں مشکلات درپیش ہیں اور تجارتی خسارہ آ?ٹ آف کنٹرول ہے۔حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لئے شرح سود کو مرحلہ وار کم کرے اور خطے کے دیگر ممالک کے لیول تک لائے۔ فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ اس وقت صنعت سازی کے فروغ کے لئے نجی شعبہ کو سستے قرضوں کی ضرورت ہے، خاص طور پر چھوٹے تاجروں کیلئے بلا سود قرضہ جاری کئے جائیں۔
،مارک اپ کی زیادہ شرح نجی شعبہ میں قرضوں کے حصول کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے اور کاروبار کرنے کی لاگت کو بڑھا دیتی ہے جو کہ پہلے ہی بہت زیادہ ہے جسے موجودہ حالات میں برداشت کرنا مشکل ہو گا۔حکومت اس صورتحال کو فوری طور پر ایڈریس کرے اور اصل حقائق کو سمجھتے ہوئے شرح سود کو مرحلہ وار کم کرے۔