ممنوعہ فنڈنگ کیس ، اسلام آباد کی سپیشل سینٹرل عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) اسلام آباد کی سپیشل سنٹرل عدالت کے جج راجا آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت 31 اکتوبر تک منظور کر لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سپیشل سینٹرل عدالت میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی جس دوران عمران خان کے وکیل نے کہا کہ مقدمے میں دس ملزمان نامزد ہیں، دائرہ اختیار بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے طے کرناہے ، جج راجا آصف نے استفسار کیا کہ مقدمے میں کیا الزامات ہیں، جو الزامات لگے ہیں وہ سرکاری ملازم سے متعلق ہوں تو ہمارا دائرہ اختیار ہے ، بینک ملازم سے متعلق مقدمے میں اس عدالت کا اختیار نہیں ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈائریکشن پر عبوری ضمانت دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر آپ نے دائرہ اختیار پر مطمئن کرنا ہے ۔عدالت نے عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کر دیاہے ۔