فیصل آباد (سپیشل رپورٹر) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے کہا ہے کہ عالمی معیار کے مطابق کوالٹی ایجوکیشن یقینی بنانے کیلئے ریسرچ کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ عالمی اداروں کے اشتراک سے تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی انقلاب کیلئے عالمی سطح پر ادارہ جاتی اشتراک وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر بشریٰ نورین نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور مقالہ جات کے معیار کو سراہا۔ انہوں نے مستقبل میں اس طرح کی کانفرنسز کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور کے علاوہ غیرملکی پروفیسرز اور تحقیق کاروں نے بھی خطاب کیا۔