وزیر اعلی مریم نواز کا طلباء کیلئے اہم اقدام،130 ارب روپے کاہونہار سکالرشپ،رجسٹریشن کا آج آخری روز

Oct 17, 2024 | 10:44 PM

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پرپنجاب میں طلبہ کے لیے 130 ارب روپے کے ہونہار سکالر شپ پروگرام کی رجسٹریشن کا آج آخری روز ہے۔جامعات میں ہونہار سکالر شپ انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیئے گئے،ہونہار سکالر شپ کے تحت 68ڈسپلن/مضامین کے طلباء کو سکالر شپ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز  کے ویژن کے مطابق ہر سال 30ہزار طلباء کو سکالر شپ ملیں گے۔پنجاب بھر کی50 پبلک سیکٹریونیورسٹیز کے طلبہ سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرام کے تحت 4سے5سال تک سکالر شپ مہیا کیے جائیں گے۔بتایا گیا  ہےکہ طلباء کی اہلیت کا تعین کرنے کے لیے میٹرک کے 30فیصد اور انٹر میڈیٹ کے 70فیصد مارکس سے میرٹ بنے گا۔ہونہار سکالر شپ کے تحت طلباء کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی۔22سال سے کم عمر3لاکھ سے کم آمدن رکھنے والے پنجاب کے شہری سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلباء بھی سکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکیں گے۔honhaarscholarship.punjabhec.gov.pk پر 18اکتوبر تک سکالر شپ کے لیے اپلائی کیا جا سکے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے کہا ہے کہ پنجاب کاہر طالب علم میرا بیٹا اور ہر طالبہ میری بچی ہے۔طلبہ کو ہائر ایجوکیشن کے لیے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر سکالر شپ  دیئے جائیں گے۔ہونہار سکالر شپ کا مقصد محدود وسائل کے ساتھ اچھے نمبرز حاصل کرنیوالے طلباء کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

مزیدخبریں