مہمند ایجنسی ،جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں خود کش دھماکہ ،25نمازی شہید ،40سے زائد زخمی

مہمند ایجنسی ،جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں خود کش دھماکہ ،25نمازی شہید ،40سے ...

  

مہمند ایجنسی(نمائندہ پاکستان ،مانیٹرنگ ڈیسک) تحصیل انبار کے علاقے بٹہ مینہ میں مسجد میں خودکش دھماکے میں نتیجے میں 25 نماز ی شہید اور 40سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نوید اکبر نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہوا جس کے نتیجے میں25افراد شہید ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔لیویز کے ذرائع کے مطابق ایک حملہ آور نے جمعہ کے روزدوپہر ڈیڑھ بجے نماز جمعہ کے دوران گل مسجد میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے وقت مسجد میں دو سو کے قریب نمازی موجود تھے۔مقامی حکام کے مطابق دھماکے میں بچوں سمیت 40 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 35 کو باجوڑ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ نماز جمعہ کے دوران علاقے میں مساجد پر کسی قسم کی سکیورٹی تعینات نہیں ہوتی اور یہی وجہ ہے کہ خودکش بمبار باآسانی مسجد میں داخل ہو سکا۔تاحال کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ مہمند ایجنسی افغانستان سے متصل سرحدی علاقہ ہے اور ماضی میں یہ علاقہ شدت پسندوں کا گڑھ رہا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -