لندن کے میئر صادق خان کا دورہ امریکہ،ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید

لندن کے میئر صادق خان کا دورہ امریکہ،ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید

  

شکاگو(این این آئی) لندن کے میئر صادق خان نے امریکی ریاست شکاگو کے دورے کے موقع پر صدارت کیلئے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دی شکاگو کونسل آن گلوبل افیئرز میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے صادق خان نے کہاکہ ہم اس وقت ان لوگوں، شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن جاتے ہیں جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں جب ہم یہ کہتے ہیں کہ مغربی اقدار کو تھامنا اور مسلمان ہونا بیک وقت ممکن نہیں۔صادق خان نے کہاکہ جب لوگ ہمارے شہروں اور ملکوں میں آئیں تو انھیں اپنی روایات و ثقافت کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کے تشخص کی ایک سے زیادہ پرتیں ہیں۔صادق خان اس موقع پر ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کی حمایت کرتے نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ میں ہیلری کلنٹن کا بہت بڑا فین ہوں، وہ بغیر کسی بحث و مباحثے کے صدر بننے کیلئے سب سے زیادہ تجربہ کار امیدوار ہیں۔ پاکستانی نژاد صادق خان رواں برس مئی میں لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوئے تھے جو ان دنوں امریکہ کے پہلے دورے پر ہیں۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے مسلمان مخالف بیانات کی وجہ سے مشہور ہیں جو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -