سپریم کورٹ نے آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کے لئے 6 بینچ تشکیل دیدیئے

سپریم کورٹ نے آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کے لئے 6 بینچ ...

  

اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ میں آئندہ سوموار سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کے لئے 6 بینچ تشکیل دیدیئے گئے۔ بینچ نمبر 1 چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل ہے جو منگل کے روز کوئٹہ دھماکے میں وکلاء کے جاں بحق ہونے پر لئے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ اس بینچ کے روبرو بدھ کے روز ڈالر گرل ایان علی کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست اور ملک میں مردم شماری نہ کرانے کے خلاف لئے گئے ازخودنوٹس کی سماعت ہو گی۔ یہ بینچ جمعرات کے روز تمباکو نوشی کے نقصانات کے حوالے سے ازخودنوٹس کیس کی سماعت بھی کرے گا۔ عدالت کا دوسرا بینچ جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس اقبال حمید الرحمن اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل ہے۔ بینچ نمبر 3 کے ممبران میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سردار طارق مسعود شامل ہیں۔ بینچ نمبر 4 جسٹس امیر ھانی مسلم، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہے جو 23 ستمبر بروز جمعہ کو نیب میں غیرقانونی بھرتیوں کے خلاف ازخودنوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس مقبول باقر عدالت عظمیٰ کے پانچویں بینچ کے ممبران ہیں جبکہ چھٹا ڈویژن بینچ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس منظور احمد ملک پر مشتمل ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -