کراچی، مختلف واقعات میں خاتون سمیت 5افراد جاں بحق

کراچی، مختلف واقعات میں خاتون سمیت 5افراد جاں بحق

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت 5افراد جاں بحق ہو گئے ۔ بلدیہ ٹاؤن میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی کے علاقے فیچر کالونی مکان نمبر B-109 گھر سے خاتون کی لاش ملی ہے ۔ پولیس کے مطابق 38سالہ خاتون ساجدہ کو اس کے شوہر یونس نے تیزدھار آلے سے قتل کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق خاتون کا قتل گھریلو تنازعہ کا نتیجہ ہے ۔ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا۔قائد آباد تھانے کی حدود مجاہد کالونی میں گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔مقتول کی شناخت 45سالہ محمد شیم ولد سلطان کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق لاش تین دن پرانی ہے ۔ پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے ۔اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر میزان بینک کے عقب سے 30سالہ وقاص ولد جمیل کی لاش ملی ہے ۔پولیس کے مطابق متوفی کے جسم پر بظاہر تشدد کے نشانات نہیں ہیں ۔متوفی حلیے سے نشہ کا عادی معلوم ہوتا ہے تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئیں گے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کردیاگیا ہے ۔ماڑی پور تھانے کی حدود میں ٹرک اڈے کے عقب میں گندے نالے سے 28سالہ نامعلوم شخص کی دودن پرانی تشدد زدہ لاش ملی ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد قتل کرکے لاش مذکورہ مقام پر پھینکی گئی ہے ۔تاہم تاحال مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس مقام سے ملنے والی یہ آٹھویں لاش ہے ۔ابراہیم حیدری کے علاقے میں چھریوں کے وار سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔دوسری جانب بلدیہ ٹان کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور کالعدم تنطیموں کے کارندوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا گیا ۔ جدہ ہزارہ اور غازی کالونی میں ہونے والے پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

مزید :

صفحہ آخر -