چارسدہ میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائی جاری

چارسدہ میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائی جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ میں دہشت گردی کو فحاشی اور عریانی سے شکست دینے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری ۔ "امن میلہ " کے نام پر دریائے سوات کے کنارے قانون کے رکھوالوں کے کڑے پہرے میں نوجوان لڑکیوں کی سرعام رقص وسرور جاری ۔نوجوان بے قابو ۔ امن میلہ میں شراب نوشی ، جسم فروشی اور جواء بازی کی محفلیں بھی گرم ۔ قانو ن اور اخلاقیات کی کتاب بند ۔ فحاشی اور عر یانی کے خلاف رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ سراپا احتجاج ۔ جماعت اسلامی اور جے یوآئی کے احتجاجی کی احتجاجی مظاہرے ۔ صوبائی حکومت ، ڈپٹی کمشنر اور ضلع ناظم کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ ضلع ناظم اور منتظمین نے امن میلہ میں فحاشی کے الزامات مسترد کر دئیے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی حکومت نے دہشت گردی کے پے د رپے واقعات کے بعد عوام کو تفریح فراہم کرنے کیلئے منتظمین کو چارسدہ میں دریائے سوات کے کنارے 20روزہ امن میلہ منعقد کرنے کی اجازت دی ہے جو عید الضحیٰ کے پہلے روز سے جاری ہے ۔ امن میلہ میں فحاشی و عریانی ، شراب نوشی ، جسم فروشی ،جواء بازی اور دیگر غیر اخلاقی سر گرمیوں کی اطلاع پر جمعیت علمائے اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ اور جماعت اسلامی یوتھ کے صدر محمد نعمان خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔احتجاجی مظاہرین نے صوبائی و ضلعی حکومت اور ڈپٹی کمشنر کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کر تے ہوئے ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ، جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر محمد نعمان خان ، لعل محمد لعل، نوید خان او ر دیگر نے امن میلہ کے آڑ میں پختون کلچر اور اسلامی اقدار کی پامالی پر شدید غم و عصہ کا اظہار کیااور کہا کہ ضلع چارسدہ میں فحاشی کا سیلاب روکنے کیلئے اسلام پسند قوتوں کی وجہ سے ابھی تک کوئی مائی کا لال سنیما تک تعمیر نہ کر سکا تو دریا کے کنارے نوجوان لڑکیوں کی سرعام رقص و سرور، شراب نوشی ، جواء بازی ، جسم فروشی اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیاں کس طرح بر داشت کئے جا سکتے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ حکومت مساجد اور تعلیمی اداروں کو سیکورٹی فراہم نہیں کر سکتی مگر فحاشی کے اڈوں کو پولیس فورس کی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تباہی اور بر بادی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے اور تفریح کے نام پر اسلامی اقدار اور پختون کلچر کا جنازہ نکالا جا رہا ہے ۔ مقررین نے ضلعی انتظامیہ کو دو دن کے اندر اندر امن میلہ ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا دو روز بعد وہ اذ خود بذور بازو فحاشی کے اڈے کو ختم کرینگے جس میں نقصان کی ذمہ داری صوبائی اور ضلعی حکومت پر ہو گی ۔دوسری طرف ضلع ناظم فہد ریاض خان ، ڈی ایس پی افتخار شاہ ، ایس ایچ او گل مالک خان کے ہمراہ امن میلے کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر پولیس افسران اور ضلع ناظم نے امن میلہ میں فحاشی ، عریانی اور دیگر الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ امن میلے کا واحد مقصد چارسدہ اور گرد و نواح کے عوام کو صاف ستھری ماحول میں تفریح فراہم کرنا ہے ۔ اس موقع پر منتظمین نے بھی میلے میں غیر احلاقی سر گرمیوں کی تردید کی ۔