چولستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اقبال چنٹر
بہاولپور، خانقاہ شریف ( بیورورپورٹ، نمائندہ پاکستان )چولستانی بھیڑ وں کا اون ہر سال اپریل اور ستمبر کے مہینے میں مجموعی طور پر 80لاکھ روپے سے زائد قیمت کا حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر امداد باہمی و چیئرمین چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک محمد اقبال چنڑ کی زیر صدارت چولستان کوآپریٹووول ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ یونین لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس (بقیہ نمبر36صفحہ12پر )
میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری آبپاشی و ایم پی اے اور وائس چیئر مین خالد محمود ججہ ، ممبران بورڈ آف ڈائریکٹر ز میاں مصطفےٰ نواز ، سیٹھ الطاف الرحمن ، ملک بشیر احمد بوہڑ ، غلام حسین پنوار، ملک محمد صدیق بوہڑ ، رانا طاہر منیر خاں ، اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو ، منیجر وول یونین ملک امتیاز احمد موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چولستانیوں کی فلاح و بہبود ان کی ذرائع آمدن میں آضافہ ، ان کے لائیو سٹاک کے علاج معالجہ اور بہتر انداز میں نگہداشت کر نے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چولستان کو آپریٹو وول ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ یونین لمیٹڈ کی اراضی قبضہ گروپ سے و ا گزار کرائے کیلئے قانونی کاروائی جلد عمل میں لائی جا ئے گی۔ انہوں نے ادارہ کی موجودہ اراضی پر کمرشل پلازہ بنانے کی تجویز سے اتفاق کر تے ہوئے اس پر جلد عملدرآمد کر انے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ چولستانی بھیڑ کا اون فروخت کر کے چولستانیوں کو ریلیف دیا جا رہا ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ اس سلسلے میں مڈل مین کا کردار ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب چولستانی جانوروں کی افزائش نسل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ چولستانی جانور کی اصل نسل قائم رکھی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بذریعہ قرعہ اندازی چولستانی بیل، جتل اور سپلی نسل کے مینڈھے، کھڈالی اور بُچی نسل کے چھترے مفت دیئے جارہے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری آبپاشی و ایم پی اے اور وائس چیئرمین چولستان کوآپریٹو وول ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ یونین لمیٹڈ خالد محمود ججہ نے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ چولستانی لوگوں کو خوشحال بنانے کیلئے اس پراجیکٹ پر کامیابی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کی آمدنی چولستان پر خرچ کی جاتی ہے تاکہ ان کا معیار زندگی بہتر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ بھیڑوں کے اون کے حصول کیلئے چولستان کو آپریٹو وول ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ یونین لمیٹڈ چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں کیمپ لگاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چولستانی جانوروں کی بڑھوتری اوران کے بہتر علاج معالجہ کیلئے چولستان کوآپریٹو وول ڈویلپمنٹ کے پروگرام کا آغاز کیا ہو ا جس کے تحت ممبران کو قرضہ دیا جا تا ہے جس سے نر اور مادہ بھیڑخرید کر کے اسکی نسل میں اضافہ کرایا جاتا ہے اور یہ قرض پانچ سال میں واپس کیا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے۔