وہ لڑکی جسے ایک ایسی چیز سے الرجی ہے جس کے بغیر کوئی زندہ نہیں رہ سکتا

وہ لڑکی جسے ایک ایسی چیز سے الرجی ہے جس کے بغیر کوئی زندہ نہیں رہ سکتا
وہ لڑکی جسے ایک ایسی چیز سے الرجی ہے جس کے بغیر کوئی زندہ نہیں رہ سکتا

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) گردوغبار وغیرہ سے لوگوں کو الرجی ہونے کے متعلق تو آپ نے سن رکھا ہو گا لیکن آپ یہ جان کر بہت حیران ہوں گے کہ برطانیہ میں ایک خاتون کو پانی سے الرجی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس خاتون کا نام ریچل واروک ہے۔ وہ جب صبح اٹھتی ہے اور ایک گلاس پانی پیتی ہے تو گویا وہ زہر کا گلاس پی رہی ہوتی ہے، کیونکہ اس کے بعد اس کی حالت بہت خراب ہو جاتی ہے۔ جیسے ہی پانی اس کے حلق سے نیچے اترتا ہے اس کی جلد میں سوزش آنے لگتی ہے۔ پانی اپنے پیچھے سرخ رنگ کی ایک لکیر اور تکلیف دہ خارش چھوڑتا ہوا جاتا ہے۔ ریچل دوسرے لوگوں کو سوئمنگ پولز میں پیراکی کرتے حسرت سے دیکھتی ہے لیکن کبھی اگر وہ غلطی سے اپنا انگوٹھا بھی پانی میں ڈبو لے تو اس کی جلد جلنے لگتی ہے اور وہ انتہائی تکلیف میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ عام لوگوں کے برعکس نہا کر تازہ دم ہونا ریچل کے لیے کسی ڈراﺅنے خواب سے کم نہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ ”اگر میں کبھی نہالوں تو ایسا لگتا ہے جیسے کسی نے میرے جسم پر بلیچ رگڑ دیا ہو۔ پورا جسم آگ بن جاتا ہے، سرخ دانے نکل آتے ہیں اور بہت تکلیف ہوتی ہے۔ پانی پینا، نہانا اور دیگر ہر وہ کام جس میں پانی شامل ہو میرے لیے جہنم کے تصور سے کم نہیں۔حتیٰ کہ میرا پسینہ اور آنسو بھی میرے لیے انتہائی تکلیف کا باعث ہوتے ہیں۔مجھے پسینہ آ جائے تو بھی میری حالت وہی ہوتی ہے جو نہانے سے ہوتی ہے، بلکہ اس سے بھی بدتر۔ پسینے سے مجھے ایسا ری ایکشن ہوتا ہے جیسے میں کوئی میراتھن ریس دوڑ کر آئی ہوں۔میرا چہرہ ہی سوج جاتا ہے۔“رپورٹ کے مطابق ریچل ہفتے میں محض ایک بار نہاتی ہے۔ پسینے سے بچنے کے لیے ہلکے ملبوسات پہنتی ہے اور ورزش سے گریز کرتی ہے۔ جسم کی پانی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے وہ بہت زیادہ دودھ پیتی ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ مرض انتہائی نایاب ہے اور 23کروڑ لوگوں میں سے کسی ایک کو لاحق ہوتا ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -