سفارتی عہدہ نہیں چاہتا، پاکستان کیلئے سرمایہ کاری کی کوشش کرتا رہا ہوں گا، صاحبزادہ جہانگیر

سفارتی عہدہ نہیں چاہتا، پاکستان کیلئے سرمایہ کاری کی کوشش کرتا رہا ہوں گا، ...
سفارتی عہدہ نہیں چاہتا، پاکستان کیلئے سرمایہ کاری کی کوشش کرتا رہا ہوں گا، صاحبزادہ جہانگیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ویب ڈیسک) عمران خان کے برٹش پاکستانی دوست اور سیاسی مشیر صاحبزادہ جہانگیر نے کہا ہے کہ میں کسی سفارتی عہدے میں دلچسپی نہیں رکھتا لیکن نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری پاکستان لے جانے کیلئے کوشش کرتا رہوں گا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق انھوں نے کہا کہ وہ برطانیہ میں کسی عہدے کے خواہاں نہیں ہیں۔ انھوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انھیں غلط قرار دیا کہ وہ پاکستان ہائی کمیشن میں کسی عہدے کی کوششیں کررہے ہیں۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے، جو صاحبزادہ جہانگیر کے دوست ہیں، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کو ایک تقریب میں غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے اظہار پر پاکستان طلب کرنے کے بعد یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ عمران خان کے 40 سال پرانے دوست اور سیاسی مشیر صاحبزادہ جہانگیر کو برطانیہ میں پاکستان کا ہائی کمشنر مقرر کیا جارہا ہے۔

صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ وہ عمران خان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کئی مرتبہ ملاقاتیں کی ہیں لیکن اپنے لئے کسی عہدے کے حصول کی کوشش نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کے ساتھ دوستی اور ان کے اعتماد کا اعزاز حاصل ہے، میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ پاکستان کے ان غریب عوام کی خدمت کروں، سابقہ حکمرانوں نے گزشتہ70 سال سے جنھیں نظر انداز کر رکھا تھا۔

انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہبود اور ان کو حقوق دلانا میری اولین ترجیح ہے، ان لوگوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے اور سرکاری عہدے حاصل کرنے کی اجازت ہونی چاہئے، کیونکہ یہ لوگ ملک کو20 ارب ڈالر بھیجتے ہیں اور کم و بیش اتنی ہی رقم اپنے وطن آمدورفت کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں شامل کرتے ہیں، میں انگلینڈ واپس آ کر تارکین کو عمران خان کی حمایت اور نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے سرکاری اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کر کے ان کا ساتھ دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کروں گا۔ ان کی مالی مدد سے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت ترقی کرے گی، جس سے غریب عوام کی حالت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید :

برطانیہ -