وزیراعظم عمران خان بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر جاتی امرا نہیں گئے لیکن کیا عمران خان کے والد کے انتقال پر نواز شریف زمان پارک گئے تھے؟پاکستانیوں کے لیے حیران کن خبر آگئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابقہ خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر پوری قوم غمزدہ تھی اور ان کے جنازے پر نہ صرف لیگی رہنماﺅں اور کارکنان نے شرکت کی بلکہ حکومتی رہنماﺅں اور پاکستان کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی جنازے پر پہنچے اور رسم قل پر بھی شرکت کی ۔سابق وزیراعظم نواز شریف سے آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت نے بھی ملاقات کی لیکن وزیراعظم عمران خان بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر شریف خاندان سے اظہار افسوس کرنے جاتی امرا نہیں پہنچے ۔اس حوالے سے اینکر پرسن اقرالحسن نے بھی خواہش کا اظہار کیا تھا کہ عمران خان کو اظہار تعزیت کے لیے جاتی امرا جانا چاہیے ۔
اب سینئر صحافی عمر چیمہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف اور عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا وہ اس تصویر کی تصدیق کرسکتے ہیں ؟تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان اکرام اللہ خان کی وفات پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں ۔واضح رہے کہ 2008میں جب وزیراعظم عمران خان کے والد اکرام اللہ خان کا انتقال ہوا تھا تو اس وقت نواز شریف نے زمان پارک جا کر عمران خان سے اظہار افسوس کیا تھا ۔2013کی انتخابی مہم کے دوران جب عمران خان الیکشن سے تین دن پہلے سٹیج سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے تو نواز شریف فوری طور پر انہیں شوکت خانم ہسپتال بھی ملنے گئے تھے ۔