سیاسی مقاصد کے لئے افواہیں پھیلانے والوں کوپھرمایوسی ہوئی،احتجاج اور دھرنوں سےلٹیروں کی جان نہیں چھوٹے گی:میاں اسلم اقبال
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کے لئے عمران خان کا’’نوڈیل‘‘واضح پیغام ہے،سیاسی مقاصد کے لئے افواہیں پھیلانے والوں کو ایک بار پھر سخت مایوسی ہوئی ہے،عمران خان نے برسوں کرپشن اور کرپٹ نظام کے خلاف جہاد کیا ہے اور اب وہ کرپٹ عناصر سے ڈیل کا سوچ بھی نہیں سکتے،عمران خان نے احتساب کے عمل کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے،وزیراعظم کے دوٹوک موقف سے کئی ایک کی امیدوں پر اوس پڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے نے پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کی کہانیاں زبان زد عام ہیں،احتجاج اور دھرنوں سے قومی دولت کے لٹیروں کی جان نہیں چھوٹے گی،نواز شریف اور زرداری کو لوٹی ہوئی رقم واپس کرنا ہوگی۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کو اندرونی اور بیرونی محاذ پر مشکل صورتحال کا سامنا ہے،سابق حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار سے بیمار معیشت ورثے میں ملی ہے،کپتان کی قیادت میں حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہتر ہورہی ہے اور درست سمت میں خوشحال کا سفر جاری وساری ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کے منفی پراپیگنڈہ کے باوجود نیا پاکستان بننے جارہا ہے،جہاں ہر ایک کو انصاف ملے گا اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے، مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں تاہم یہ مشکلات عارضی ہیں جلد ختم ہوں گی۔