شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کا وائیتھ فاؤنڈیشن کیساتھ معاہدہ 

  شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کا وائیتھ فاؤنڈیشن کیساتھ معاہدہ 

  

لاہور(پ ر)شوکت خانم میموریل ٹرسٹ،  وائیتھ پاکستان لمیٹڈکے تعاون سے مستحق مریضوں کو بلا معاوضہ تشخیصی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور میں منعقد ہوئی جس میں ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر آصف لویا اور ویتھ اور پفزر پاکستان کے کنٹری مینیجر سید وجیہ نے معاہدے پر دستخط کیے  اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ طارق اعظم اور ڈائریکٹر بزنس سروس ڈاکٹر احسن ملک  بھی موجود تھے۔  یہ تعاون ویتھ اور پفزرپاکستان کے(Wyeth Pakistan Limited/Pfizer Pakistan Limited) " مسیحا" پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے جو کہ شوکت خانم ہسپتال کے مستحق مریضوں کو تشخیص و علاج کی اعلیٰ ترین سہولیات فراہم کرنے کے مشن کے عین مطابق ہے۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں آرتھرائٹس کی مختلف اقسام میں مبتلا مریضوں کی ایک خاص تعداد کو بلا معاوضہ تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر شوکت خانم ہسپتال کے میڈیکل ڈائیریکٹر ڈاکٹر آصف لویا کا کہنا تھا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے مستند تشخیصی سہولیات کی فراہمی شوکت خانم ہسپتا ل کی پہچان بن چکی ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اعلیٰ ترین سہولیات کی دستیابی کو ہمیشہ یقینی بنایا ہے۔ ویتھ پاکستان سے باہمی تعاو ن کا یہ معاہدہ ہمیں کینسر کے کے مریضوں کو خدمات فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تشخیصی سہولیات کی فراہمی سے حاصل ہونے والی آمدنی کو کینسر کے مستحق مریضوں کے علاج پر خرچ کیا جاتا ہے۔ ویتھ پاکستان کے کنٹری مینیجر سید وجیہ کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ مریضوں کی سہولت کے لیے جدید ترین طریقہ کار متعارف کروانے میں یقین رکھتا ہے۔

 مسیحا ڈائگناسٹک کیمپین کی مدد سے ہم نے جدیدتھراپی کے فوائد کو مستحق مریضوں تک پہنچانے کا ارادا کیا ہے اور شوکت خانم ہسپتا ل کے ساتھ یہ معاہدہ بہت سے مریضوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔ دو اداروں کے درمیان یہ معاہدہ عوامی خدمت کے میدان میں ایک قابل ِ تقلید مثال ہے جس کی مدد سے مستحق مریضوں پر سے علاج سے قبل کے تشخیصی مرحلے میں پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید :

کامرس -