معاشی بحران جلد ختم ہوجائے گا،اسلام بادشاہ
سخاکوٹ(نمائندہ پاکستان)گوڈ گورننس ملاکنڈ کے سیکرٹری میاں اسلام بادشاہ نے کہا ہے کہ حکومت کے ٹھوس اقدامات اور بہتر معاشی حکمت عملی سے پاکستان بہت جلد معاشی بحران سے نکل جائیگا۔ موجودہ حکومت نے عام آدمی کی حالت زندگی بہتر بنانے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں اس کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچ جائینگے۔ گوڈ گورننس کے قیام کا مقصد اداروں کے اصلاحاتی کاموں میں حکومت کیساتھ تعاون کرنا اور علاقائی مسائل سے آگاہی حاصل کرکے حکومت اور متعلقہ حکام تک پہنچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کیساتھ بات چیت اور گوڈ گورننس ایکشن کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انصاف یوتھ ونگ کے رہنما میاں شہاب شاہ بھی موجود تھے۔ میاں اسلام بادشاہ نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ کے یوٹیلٹی سٹورز کے دورے کے دوران آشیائے خورد ونوش کے قیمتوں کا جائزہ لیا گیا ہے اور سٹورز میں جن جن اشیا کی کمی تھی اس سے متعلق حکام کا اگاہ کیا جارہاہے تاکہ بروقت اقدامات کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایسے وقت میں حکومت ملی ہے جب ملکی معیشت بری طرح مسائل میں پھنسی ہوئی تھی لیکن عمران خان کے قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے انشا اللہ پاکستان بہت جلد معاشی بد حالی سے نکلے گا اور وہ دن دور نہیں جب پورے دنیا میں پاکستان معاشی طور پر ایک مستحکم ملک کے نام سے جانا جائیگا۔