سیکرٹریٹ کے کرپٹ افسران کیخلاف تحقیقات جاری ہیں، سردار ایاز صادق
اسلام آباد(آن لائن) سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں مبینہ کرپشن کرنے والے اعلیٰ حکام کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افسران کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی اے سی سیکرٹریٹ کے افسران کی طرف سے میٹنگ منٹس تبدیل کر کے اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث مافیا کو بچایا گیا۔ اس معاملہ کو پی اے سی اجلاس میں بھی اجاگر کیا تھا اور اس کی تحقیقات کے مطالبہ سے پیچھے نہیں ہٹا ہوں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی اے سی کرپٹ مافیا کو نکالا جائیگا اور دیانتدار اعلیٰ افسران کو اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ پی اے سی سیکرٹریٹ کے چند اعلیٰ افسران نے ہمارے احکامات سے ٹمپرنگ کی ہے اور کرپٹ مافیا کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے پی اے سی سے میٹنگ منٹس منظور اور تصدیق کرانے کی کوشش کی تھی لیکن میں نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ سردار ایاز صادق کے الزامات پر رانا تنویر چئیرمین پی اے سی نے بھی واقعہ کی تحقیقات کا اقرار کیا تھا لیکن ابھی تک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے پی اے سی سیکرٹریٹ سے تمام کالی بھیڑوں کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ چند روز میں پی اے سی سیکرٹریٹ تمام کرپٹ افسران سے خالی کرا لیا جائیگا۔
سردار ایاز صادق