افسران کا تعلق کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں، تمام کیس میرٹ پر دیکھیں گے: چیئر مین نیب 

  افسران کا تعلق کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں، تمام کیس میرٹ پر دیکھیں گے: چیئر ...

  

 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے تمام کیسز کی تحقیقات کو میرٹ کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ ان کو میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونیوالی تحقیقات میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران اور اہلکاروں کیخلاف نجی ہوٹل کو شراب لائسنس کے اجرا کی تحقیقات، شہباز شریف اور اہلخانہ کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ کے ریفرنس، نورالامین مینگل اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف لاہور ماسٹر پلان میں مبینہ تبدیلی کے کیس میں ہونیوالی پیشرفت، سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس و دیگر کیخلاف جاری انویسٹی گیشن میں ہونیوالی پیشرفت پر مفصل بریفنگ دی گئی۔چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ نیب افسران کا تعلق کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ نیب افسران تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔ عوام کے کروڑوں، اربوں روپے لوٹنے والی جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور مفرور واشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

جاوید اقبال

مزید :

صفحہ اول -