سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضما م بڑا چیلنج، ریسکیو 1122کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا: محمود خان 

سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضما م بڑا چیلنج، ریسکیو 1122کی فراہمی کا وعدہ پورا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ محمو د خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں انضمام تحریک انصاف کا ویژن تھا۔وزیر اعظم عمران خان ضم شدہ اضلاع کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔جوڈیشل سسٹم کا ضم شدہ اضلاع تک توسیع ایک بڑا چیلنج تھا جسکو پورا کیا گیا۔وہ چارسدہ میں ضم شدہ اضلاع کے لیے ریسکیو1122 کے جوانوں کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے معائنہ کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان،صوبائی وزیر معدنیات عارف احمد زئی،ایم پی ایز خالد خان، فضل شکور خان،ڈپٹی کمشنر چارسدہ عدیل شاہ،ڈی آئی جی مردان شیر اکبر خان،ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان،ریسکیو 1122 کے چارسدہ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر غیور مشتاق اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ آج ان کو بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کیا۔ریسکیو 1122 کو تمام ضم شدہ اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ریسکیو 1122 کے 90 سٹیشنز ہیں اور بتدریج صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کو ریسکیو1122 کی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ قبائلی علاقوں کا خیبرپختونخوا میں انضمام تحریک انصاف کا ویژن تھا۔آج ضم شدہ اضلاع کے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کیا۔ جوڈیشل سسٹم کو ضم شدہ اضلاع تک توسیع دینا ایک بڑا کارنامہ ہے۔رشکئی اکنامک زون سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اورخیبر پختونخواہ کے معاشی حالات بہتر ہوجائیں گے۔خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کو آئندہ سال جنوری تک صحت کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع میں انتخابات کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تھا جسکو تحریک انصاف کی حکومت نے پورا کیا۔ اداروں میں مزید اصلاحات لائیں گے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان ضم شدہ اضلاع کے ترقی اور خوشحالی میں گہری دلچسپی لیتے ہیں۔
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ ضم شدہ قبائلی علاقوں میں ریسکیو سروسز 1122 کی کامیاب توسیع سے صوبائی حکومت کا قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ مکمل ہو گیاکیونکہ اس مقصد کے لئے تربیت مکمل کرنے والے 1100 ریسکیو کیڈٹس کا تعلق بھی قبائلی اضلاع سے ہے۔ صوبائی حکومت تمام تر اصلاحات اوراداروں کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر توسیع دینے کے لئے کوشاں ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی یقینی ہو سکے۔پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے صوبے کے صرف دو اضلاع پشاور اور مردان میں ریسکیو سٹیشنز قائم تھے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت اب تک صوبہ بھر میں 90ریسکیو سٹیشنز قائم کر چکی ہے جبکہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں بھی ریسکیو سٹیشنز جلد فعال کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز چارسدہ سپورٹس کمپلیکس میں ریسکیو 1122 کے تحت تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تمام کیڈٹس ریسکیو خدمات کی انجام دہی کے لئے قبائلی علاقوں میں تعینات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر سلطان محمد خان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عارف احمد زئی، ایم پی اے فضل شکور خان، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122ڈاکٹر خطیر احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں ریسکیو خدمات کی انجام دہی کے لئے قبائلی علاقوں سے جوانوں کا انتخاب کیا گیا ہے جو صوبائی حکومت کی طرف سے قبائلی عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام کوئی آسان ہدف نہیں تھا۔ موجودہ حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے اس مشکل ہدف کو احسن انداز میں مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انضمام کے عمل میں خصوصی دلچسپی لی اورہر طرح کا تعاون فراہم کیا۔ محمود خان نے واضح کیا کہ 28ہزار لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کیا گیا۔ ضم شدہ علاقوں میں لینڈ سیٹلمنٹ کے لئے الگ قانون بنایا گیا، قبائلی اضلاع کے لئے علیٰحدہ منرل ایکٹ منظور کیا گیا، اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا گیا۔ یہ تمام اور اسی طرح کے دیگر اقدامات اتنے آسان نہیں تھے تاہم صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی تعمیر اور ترقی کے لئے پر عزم تھی اور ان تمام اہداف کا حصول یقینی بنایا۔ صحت انصاف کارڈ کو ضم شدہ اضلاع کی سو فیصد آبادی تک توسیع دی جاچکی ہے جبکہ جنوری سے پورے صوبے میں عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع اور سابقہ ایف آرز میں ریسکیو 1122 سٹیشنز کا قیام بھی موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اہلکار ہر ایمرجنسی اور آفت میں فرنٹ لائن پر کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور مہمند کان حادثہ کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے جو کردار ادا کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کو ایک منظم ادارہ بنانے پر ڈی جی ریسکیو اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ دو سالوں میں صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نظر آنے والے اقدامات کئے ہیں، اگلے تین سال میں بھی ڈیلیور کرکے دکھائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ریسکیو آلات اورمارچ پاس کا معائنہ بھی کیا اور تربیتی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پرکیڈٹس کی فلیگ پارٹی کی طرف سے سلامی پیش کی گئی۔ 

مزید :

صفحہ اول -